کرونا وائرس کی تباہ کاریاں: اٹلی میں لاک ڈاﺅن
کرونا وائرس دنیا کے 100 سے زائد ملکوں تک پہنچ گیا ہے جب کہ یورپی ملک اٹلی میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کے بعد حکومت نے پورے ملک کو لاک ڈاﺅن کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا ذرا ئع کے مطابق اٹلی کے وزیر اعظم گوسیپے کونتے نے اعلان کیا کہ کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاﺅاور اس سے ہلاکتوں کے باعث لوگ گھروں تک محدود رہیں۔ انہوں نے عوامی اجتماعات پر پابندی اور کھیلوں کے تمام مقابلے منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا۔فیشن کے لیے دنیا بھر میں مشہور اٹلی کا شہر میلان کرونا وائرس سے شدید متاثر ہے جہاں میوزیم اور تھیٹرز مکمل طور پر بند اور ریستورانوں میں وقت کی پابندی عائد ہے۔میلان میں اب تک کرونا وائرس سے 333 اموات ہو چکی ہے جب کہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 463 تک پہنچ گئی ہے۔اٹلی، چین کے بعد کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اٹلی میں 9000 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔