کراچی میں بجلی اورگیس کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بعد پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا
شہر قائد میں پانی کی شدید قلت ہے اور ایسے میں ٹینکر مافیا شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں، پانی کے بدترین بحران کے باوجود شہر بھر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے لیکن انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں، کراچی میں واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے اہلیان کراچی کو ناغہ سسٹم کے دوران پانی مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے،لیکن انتظامیہ کارروائی کرنے کیلئے تیارنہیں شہریوں کوپانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 5سے 10ہزار میں واٹرٹینکرخریدنا پڑتا ہے، شہر کو ایک ہزار ملین گیلن پانی سے زائد کی ضرورت ہے جبکہ 650 ملین گیلن روزانہ فراہم کیا جاتا ہے۔ واٹر بورڈ حکام کے مطابق اس وقت 350 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے،شہر میں ابررحمت کیلئے نماز استسقاء بھی اداکی گئی جس میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی ،، دوسری جانب تحریک انصاف نے واٹر بورڈ کا انتظام رینجرز کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے،عارف علوی کا کہنا ہے کہ کراچی میں پانی کے بحران کی اصل ذمہ دار ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پانی کے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لے رہی،دنیا کا ناقص ترین نظام واٹر بورڈ میں رائج ہے۔