غیر تصدیق شدہ ووٹ کو جعلی نہ تصور کیا جائے: وزیر داخلہ
وزیر داخلہ نے پنجاب ہاوس اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کی ۔ جس میں انہوں نے کہا نادرا رپورٹ پرغیر ضروری تماشہ لگانے کی بجائے ٹربیونل کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ٹربیونل کو چاہئے کہ اب وہ اس حوالے سے غیرضروری بات چیت پر پابندی عائد کرے- چودھری نثار نے کہا عمران فاروق قتل کیس میں ملزم معظم علی سے جے آئی ٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔کیس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی چوہدری نثار علی خان نے کہا تیس سال میں ساڑھے سات ہزار کے قریب افراد کو ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا ۔ میاں بیوی کی لڑائی میں بھی لوگوں کو ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ اب صرف اعلی عدالتوں ، نیب یا کسی تحقیقات ادارے کی سفارش پر ہی ای سی ایل میں نام صرف ایک سال کیلئے ڈالا جائیگا- وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ممنوعہ اسلحہ کا لائسنس صرف اس شخص کو دیا جائے گا جس کو حقیقی خطرہ ہو یا وہ ٹیکس ادا کر رہا ہو۔جنوری دو ہزار سولہ تک اسلحہ لائسینس کی تجدید نہ کرانے والوں کے لائسینس منسوخ کر دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا بلٹ پروف گاڑیاں رکھنے کی اجازت بھی اسی کو ہو گی جو ٹیکس ادا کرے گا یا جس کو کوئی حقیقی خطرہ ہو۔وزیر داخلہ نے کہا نجی سیکیورٹی ایجنسیوں کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے۔اب ایسی کمپنیوں کو اجازت نہیں ہو گی جس کے پاس تربیت یافتہ عملہ نہ ہو۔انہوں نے کہا ایف آئی اے سے بدعنوانی کے الزامات پر چونسٹھ افراد کو برطرف کیا گیا ہے ۔دوسرے مالک سے قیدیوں کے تبادلہ پر بھی نظر ثانی کی گئی ہے-