پنجاب کے نئے گورنر رفیق رجوانہ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، جس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے حلف لیا- تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ سب سے بڑے صوبے کا گورنر بننے کی سعادت بخشی ، پارٹی کارکن کو یہ عزت بخشنے پر وہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے بھی شکرگراز ہیں، یہ اعزاز ان کیلئے کسی فخر سےکم نہیں، انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت بہت سےمسائل کاشکارہے، دہشت گردی کاخاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عہدہ اعزاز کیساتھ ساتھ بہت بڑی ذمے داری بھی ہے، قوم کی ترقی کیلئے وہ اپناکردارآئینی طورپرنبھائیں گے- رفیق رجوانہ قانون دان اور سپریم کورٹ کے سینیئر ایڈووکیٹ ہیں ، ان کا شمار جنوبی پنجاب کی متحرک سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے، کئی دہائیوں پر محیط اپنے سیاسی کریئر میں وہ ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ رہے ہیں اور ن لیگ کے ٹکٹ پر دو مرتبہ سینیٹربھی منتخب ہوئے ، رفیق رجوانہ مسلم لیگ (ن) ملتان کے جنرل سیکرٹری، سینیئر نائب صدر، مسلم لیگ ن پنجاب سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے ممبراوراپنی جماعت کے لائرز ونگ کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل دو اگست دو ہزار تیرہ کو گورنر پنجاب کے منصب پر فائز ہونے والے چوہدری محمد سرور نے رواں برس جنوری کے آخر میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا -