2016ءکی دوسری ششماہی کے دوران ملک میں اے ٹی ایمز کی تعداد میں 8.53فیصد اضافہ

سال 2016ءکی دوسری ششماہی کے دوران ملک میں اے ٹی ایمز کی تعداد میں 971مشینوں ( 8.53فیصد ) کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پہلی ششماہی کے اختتام پر ملک میں اے ٹی ایمز کی تعداد 11ہزار381تھی جو دوسری ششماہی میں جولائی تا دسمبر کے دوران 12ہزار 352تک بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد میں 8.53فیصد کے اضافہ سے ہر ایک لاکھ پاکستانیوں کیلئے مشینوں کی دستیاب تعداد 9مشینوں تک بڑھ چکی ہے ۔ ملک میں بینکنگ کی سہولیات فراہم کرنے والے 32مختلف بینک اپنے صارفین کو اے ٹی ایم کے ذریعے رقوم کی وصولی کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اے ٹی ایمز کی تعداد میں مزید اضافہ کریں تاکہ صارفین کو باآسانی بینکنگ سہولیات تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔