میزائل حملے کا صحیح وقت پر جواب دیںگے۔ سعودی وزیر خارجہ
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے مملکت پر میزائل حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل حملے کا صحیح وقت پر جواب دیںگے۔ انہوں نے کہاکہ دارالحکومت پر گرائے جانے والے میزائل ایرانی ساختہ ہیں جو اس نے حوثیوں کے حوالے کئے ہیں۔ اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے اور بیلسٹک میزائلوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہم صحیح وقت پر اس کا جواب دیں گے۔ ہم ایران کے ساتھ براہ راست تصادم سے ہر قیمت پر بچنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایران کو اس قسم کے رویئے کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیںگے۔ اس کا یہ رویہ اعلان جنگ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے ایٹم بم بنایا تو ہم بھی ایسا ہی کریں گے۔