پاکستان تمام فریقوں کے باہمی اتفاق رائے پرمبنی افغانوں کے زیرقیادت امن عمل کی ہمیشہ حمایت کریگا، آرمی چیف
بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پاکستان تمام فریقوں کے باہمی اتفاق رائے پر مبنی افغانوں کے زیرقیادت امن عمل کی ہمیشہ حمایت کرے گا۔افغان صدر اشرف غنی سے پیر کے روز کابل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان کا مطلب بالعموم پرامن خطہ اور خصوصاً پرامن پاکستان ہے۔افغان صدر نے بامقصد بات چیت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت، دوطرفہ سکیورٹی اور دفاعی تعاون میں اضافے اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان سرحدی انتظام کو موثر انداز میں منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف سرنکولس پیٹرک کارٹر بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔بعد میں جنرل قمرجاوید باجوہ نے افغانستان میں قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی اور افغان عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ایک روزہ دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔