حکومت کا حدیبیہ پیپرملز کیس کی دوبارہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ
حکومت نے نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف حدیبیہ پیپرملز کیس کی دوبارہ تحقیقات کر کے اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ اعلان وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پیر کے روز ایک ٹویٹ میں کیا۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ قانونی ٹیم نے وزیراعظم کو شہباز شریف کے خلاف مقدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر مل مقدمے میں متعلقہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حدیبیہ پیپرمل کا مقدمہ شہبازشریف اور ان کے خاندان کی بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا معمولی سا حصہ ہے اور نوازشریف اور شہبازشریف اس مقدمے میں اہم ملزم ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حدیبیہ پیپرملز کا پیسہ باہر بھیجنے کا طریقہ بعد میں دوسرے مقدمات میں استعمال کیا گیا۔ اسی لئے اس مقدمے کو انجام تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔