سیاسی قائدین نے کہا ہے کہ ملالہ کی بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے،گل مکئی کی تعلیم کے فروغ کیلئے قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
ملالہ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملالہ قوم کی بیٹی اور ملک کا فخر ہے، اس کی صحت کے متعلق اچھی خبریں مل رہی ہیں جس پرامید ہے کہ بہت جلد وہ صحت یاب ہوگی۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی نے تعلیم کے فروغ میں جو قربانی دی ہے وہ رائیگاں نہیں جائے گی،قوم اسکی صحت یابی کےلئے دعا گو ہے۔ مسلم لیگ نون کے صدر میاں نواز شریف نے بھی ملالہ یوسف زئی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ تمام دنیا ملالہ یوسف کی تعلیم اور امن کیلئے کوششوں کی معترف ہے، وہ پاکستان کا فخر، شناخت اور بہادری کی علامت ہے، دعا ہےملالہ جلد صحت یاب ہوکر پاکستان آئے اور اپنی علم کی تحریک کی شمع سے دنیا میں پھر اجالا کرے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے نوجوان طلباء کو ملالہ سے اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں روشن کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملالہ نے جہالت کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کی اور شدت پسندوں کا ڈٹ کرمقابلہ کیا۔