ترک وزیر اعظم کا ڈونلڈ ٹرمپ سے فتح اللہ گولن کی حوالگی کامطالبہ
انقرہ۔ 10 نومبر (اے پی پی) ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فتح اللہ گولن کی حوالگی کامطالبہ کیا ہے ۔ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق بن علی یلدرم نے امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر اپنا پہلا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ کے نئے صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد گولن کو ترکی کے حوالے کریں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک فتح اللہ گولن کو ترکی کے حوالے کرنے کے متعلق ترکی کو مثبت جواب نہیں ملا ہے، اس لئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے نئے باب کے آغاز کے لئے گولن کو ترکی کے حوالے کیا جائے۔واضح رہے کہ ترکی کے حکام نے فتح اللہ گولن پر 15 جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔