وزیر اعظم عمران خان 15نومبر کوحیدرآباد ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کریں گے
وزیر اعظم عمران خان 15نومبر کوحیدرآباد ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کریں گے،جب کہ سندھ ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کے اجرا کی تاریخوں کی اعلان بعد میں کیا جائے گا، چین کے دورے میں بڑا زبردست رسپانس ملاہے ۔ ایم ایل ون کے لیے چین کو اولین فوقیت دیں گے ۔ ایم ایل ٹو اور تھری کی پرائمری فزیبلیٹی رپورٹ چین گفٹ کرے گا۔ چائنہ ریلوے کے ڈپٹی منسٹرپاکستان آرہے ہیں جس سے مزید بات چیت آگے بڑھے گی۔ 10ہزار آسامیوں میں سے مشتہر کی گئی آسامیوں کے علاوہ باقی8600 خالی آسامیوں کی بھی منظوری لے لی گئی ہے ۔جنہوں نے پہلی آسامیوں میں اپلائی کیا ہے وہ ان میں بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔پی ایم پیکج کے جتنے کنٹریکٹ ملازمین ہیں ان کو مستقل کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان سے درخواست کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس لاہور میں پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمارا بنیادی کام ٹریک کو بہتربنانا اورپسنجراور فریٹ سیکٹرکو سہولت فراہم کرنا ہے ۔دھابیجی ایکسپریس مسائل کا شکار ہے اس کے اوقات کار میں تبدیلی کے لیے ڈی ایس کراچی کو ہدایت دی ہے کہ مزدوروں کے ٹائم کے مطابق ٹرین کا وقت طے کیا جائے۔ ٹرینوں میں کیٹرنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن ٹرین میں مسافروں کی سہولت کے لیے کیٹرنگ سروس کو بحال کردیاگیاہے اور باقی دوٹاپ ٹرینوں جن میں تیزگام اور کراچی ایکسپریس میں بھی سہولت فراہم کرنے کے لیے اگلے 10دنوں میں باقاعدہ ٹینڈر جاری کردیاجائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فریٹ سیکٹر میں ٹرینوں کی تعداد میں مزید اضافے کے لیے پی آر ایف ٹی سی کو دو فریٹ ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔جس دن ہماری ٹرینیں 10سے 15ہوگئیں توسمجھیں اللہ نے ہاتھ پکٹر لیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ریٹائر ہونے کے بعد دوبارہ کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے افسران اور ملازمین کو ایک سال کے اندر فارغ کردیاجائیگا تاکہ نوجوان نسل کو کام کرنے کا موقع دیاجاسکے۔ ریلوے والٹن اکیڈیمی کویونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے اور ریلوے میں قائم ویجیلنس سیل کو ختم کیا جارہا ہے اور ویجیلنس سیل میں کام کرنے والے افسران اور ملازمین کی ریلوے کی مختلف برانچوں میں تعیناتی کے حوالے سے چیئرمین ریلویز اور چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے فیصلہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام پروجیکٹس ڈائریکٹرز اپنے پروجیکٹس کی نگرانی کے لیے متعلقہ فیلڈ میں موجود رہیں گے تاکہ پروجیکٹس کو مقررہ مدت میں مکمل کروایاجاسکے۔ مارشلنگ یارڈ پیپری چین اور ساری دنیا میں بہت پاپولر ہے تین افسران پر مشتمل کمیٹی بنادی ہے جو اٹھارہ سو ایکٹرقیمتی زمین کے صحیح استعمال اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر ریلوے نے ٹرین آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہاسنگ سوسائٹیوں کی ریلوے کراسنگ میں بعض لوگوں سے رعائت برتی گئی ہے اس پالیسی کو دوبارہ زیر غورلایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ ایک افسر تعینات کردیاگیاہے۔ 100دن کے ایجنڈے میں سکول اور ہسپتال پرائیویٹ سیکٹر کو دینے جارہے ہیں جس کا ٹینڈر اسی مہینے میں جاری ہوجائے گا اور سارے سکول اور ہسپتال پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت چلائے جائیں گے۔ ہراسٹیشن ماسٹر ہرمہینے کے بعد اپنی پراگرس رپورٹ دے گااور ہر ڈی ایس اپنی ڈویژن میں ہونے والی کسی بھی قسم کی کوتاہی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا ۔لاہور والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ لاہور فیصل آباد تک چلنے والی نان سٹاپ ٹرین کو ملتان تک چلایا جارہاہے جس کے شیڈول کا بہت جلد اعلان کردیاجائے گا۔