ناقص گوشت کی سپلائی کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے علاقے بکر منڈی میں ناقص گوشت کی سپلائی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔ ویجیلنس سیل کی اطلاع پر میٹ سیفٹی ٹیموں نے کاروائی کرتے ہو ئے2000 کلو ناقص گوشت برآمد کر لیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ذبح خانے میں بیمار جانوروں کو ذبح کر کے گوشت تیار کیا جاتا تھا۔صحت دشمن عناصر مضر صحت گوشت شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کر تے تھے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیموں نے غیر قانونی ذبح خانہ کوسیل کر تے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔مضر صحت گوشت پر لگائی جانیوالی جعلی مہریں بھی برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ غیر قانونی ذبح خانہ سے برآمد شدہ گوشت تلف کرنے کے لیے پیمکو بھٹھی بھیج دیا گیا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ دودھ، انڈے، گوشت اور سبزیوں جیسی بنیادی خوراک کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ہیچڑیوں سے برآمد ہو نیوالے انڈے ہوں یازہریلے پانی سے اگائی جانیوالی سبزیاں،مضر صحت گوشت ہو یا ملاوٹی دودھ ہر جگہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں دن رات مصروف عمل ہیں۔مارکیٹ میں بکنے والے گوشت کی روزانہ چیکنگ کے لیے میٹ سیفٹی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہتی ہیں۔