کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی، وفاقی سرکاری دفاتر میں اسٹاف 50 فیصد کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد : کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر وفاقی اداروں میں اسٹاف پچاس فیصد کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کوروناکیسز کی تعداد میں اضافہ سامنے آنے کے بعد وزارت داخلہ نے وفاقی سرکاری دفاتر کے لئے نئی ہدایات جاری کردیں۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے وفاقی اداروں میں اسٹاف پچاس فیصد کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 10 نومبرسے پچیس نومبرتک آدھے اسٹاف کو بلایا جائے گا اور اسٹاف کی لسٹیں تیارکی جائیں۔ یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے مثبت کورونا کیسز کی شرح میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ بڑے شہروں میں کورونا کیسز کی مثبت شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے، ملک میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 4.5فیصد ہے ، ملک کے 15اہم شہروں میں مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے۔