برطانوی شہری کی اپنے بادشاہ کو انڈے مارنے کی کوشش، پولیس نے گرفتار کر لیا
لندن: بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا کو انڈے مارنے کی کوشش کرنے والے برطانوی شہری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز اور بی بی سی کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بادشاہ چارلس اپنی اہلیہ کے ہمراہ شمالی انگلینڈ کے دورے پر تھے۔اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری کردہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار انڈے برطانوی بادشاہ اور ان کی اہلیہ کے انتہائی نزدیک سے گزرتے ہوئے سڑک پہ گر گئے لیکن بادشاہ چارلس نے اس موقع پر بے نیازی کا مظاہرہ کیا اور اپنا دورہ جاری رکھا۔خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق جس وقت انڈے مارنے کا واقعہ ہوا عین اسی وقت ایک شخص کو یہ نعرے لگاتے سنا گیا کہ یہ ملک غلاموں کے خون سے بنا ہے اور تم میرے بادشاہ نہیں۔ پولیس نے اسی وقت نعرے لگانے والے برطانوی شہری کو گرفتار کر لیا۔