امریکا میں مڈٹرم الیکشن، مختلف ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم
واشنگٹن: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) امریکا میں وسط مدتی انتخابات، مختلف ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے اور ووٹوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے۔امریکی ریاست پینسلوینیا، اوہایو، نیو یارک، نیو جرسی، ٹیکساس، مشی گن، اور ریاست مین سمیت مختلف ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔جارجیا، ورجینیا، فلوریڈا، ساؤتھ کیرولائنا، اور ورماؤنٹ سمیت نیو ہیمپشائر کے کچھ علاقوں میں بھی پولنگ کا وقت ختم ہو نے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ ریاست ہائے امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 سمیت سینیٹ کی 35 نشستوں، 36 ریاستوں کے گورنروں، ریاستی اسمبلیوں اور مقامی سطح پر عوامی نمائندوں کا انتخاب ہو رہا ہے۔کانگریس میں طاقت کا توازن ری پبلکنز کے پلڑے میں آیا تو ڈونلڈ ٹرمپ کی پوزیشن مضبوط ہو گی، صدربائیڈن بیک فُٹ پر چلے جائیں گے، ڈیموکریٹس کیلئے صدارتی الیکشن بھی مصیبت بننے کاخدشہ ہے۔امریکا کے وسط مدتی انتخابات کیلئے ووٹنگ میں ایوان نمائندگان میں ابھی ڈیموکریٹس کی 220 اور ری پبلکنز کی 212 نشستیں ہیں جبکہ 3 نشستیں خالی ہیں۔