عوام کو سموگ کے رحم وکرم پر چھوڑ کر باپ بیٹی یورپ کی سیر پر نکل گئے: بیرسٹر سیف

Nov 10, 2024 | 15:54

 مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو سموگ کے رحم و کرم پر چھوڑ کر نواز شریف اور ان کی بیٹی یورپ کی سیر پر نکل گئے۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عوام سموگ کی وجہ سے سانس نہیں لے سکتے اور باپ بیٹی جنیوا کے تازہ ہواؤں میں جھوم رہے ہیں، اطلاعات ہیں کہ مریم نواز نے پرائیوٹ جیٹ ہائیر کیا ہوا ہے، جہاز نے صندوقوں اور سوٹ کیسز سے بھر کر اڑان بھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حالت قابل رحم ہے اور ان کے شاہی خرچے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے، پنجاب میں بدترین سموگ کی وجہ سے زندگی کے معمولات معطل ہیں، باپ بیٹی کا جنیوا میں گھومنا پنجاب کے عوام کے ساتھ مذاق ہے، فارم 47 کے لیڈروں سے یہی توقع کی جا سکتی ہے، فارم 45 کے لیڈرز عوام کے غم خوار ہیں جبکہ فارم 47 والے عوام کا مذاق اڑاتے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ یورپ میں سرجری اور علاج کرانا پنجاب کے ہسپتالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کئی باریاں لینے کے باوجود ایک ہسپتال ایسا نہیں بنایا جہاں اپنا علاج کرسکیں۔ صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہسپتال ادویات کی قلت اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، مریم نواز پنجاب کے ہسپتالوں کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں مگر حالت یہ ہے کہ خود علاج کیلئے باہر گئی ہے، قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شریف خاندان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ 

مزیدخبریں