شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 خوارج ہلاک

Nov 10, 2024 | 20:14

 پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے 6 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے چھ خوارجیوں کو واصل جہنم کر دیا جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارجیوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا، خوارج سکیورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارجیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے کامیاب کارروائی میں 6 خوارج کو جہنم واصل اور 6 کو زخمی کرنے پر سراہا، سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی شمالی وزیرِستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک میں دہشتگردی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں