چیف جسٹس کی سربراہی میں سپروائزری کمیٹی کے قیام کے خلاف پنجاب بار کونسل کی اپیل پر وکلاء نے جزوی طور پر ہڑتال کردی
سیشن ججز سے بدتمیزی کرنے والے وکلاء کے لائسنس معطل کئے جانے پر سپروائزری کمیٹی کے اقدام کے خلاف وکلا نے عدالتوں کا جزوی بائیکاٹ کیا، جزوی ہڑتال کے دوران وکلاء لاہور ہائیکورٹ، سیشن، سول اور خصوصی عدالتوں میں اہم نوعیت کے مقدمات میں پیش ہوتے رہے، عمومی نوعیت کے مقدمات میں وکلاء کی عدم پیشی کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی، جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وکلاء رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ججز سے بدتمیزی کرنے والے وکلاء کے خلاف کارروائی کرنا پنجاب بار کونسل کا اختیار ہے، عدالت عالیہ کی جانب سے قائم سپروائزری کمیٹی کی تشکیل غیرقانونی ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں