احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت میں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح مکمل کرلی
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح کی۔ خواجہ حارث نے تفتیشی افسر سے پوچھا کہ کیا جے آئی ٹی کے سامنے یہ کہا گیا کہ حسن حسین نواز کو اخراجات دادا سے ہی ملتے تھے ۔ کیا شہباز شریف نے بھی جے آئی ٹی کو یہی بتایا کہ حمزہ شہباز کو خرچ بھی دادا سے ہی ملتا ہے۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ میں ریکارڈ دیکھ کر جواب دے سکتا ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی کمپنیوں کے شیئرز کی تقسیم ،واقفیت رکھنے والے کا بیان قلمبند نہیں کیا۔ ایس ای سی پی سے مہران ٹیکسٹائل ملز کا ریکارڈ حاصل کیا۔ شریف خاندان کی بند اور آپریشنل کمپنیوں کی تحقیقات نہیں کیں۔ نوازشریف کے قوم ،قومی اسمبلی سے خطاب کی ڈی وی ڈی بنانیوالے کا بیان قلمبند نہیں کیا۔ ڈی وی ڈی بنانیوالے کا نام بھی معلوم نہیں۔ خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح مکمل کرلی۔ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں تمام بائیس گواہوں کے بیانات مکمل کرلئے گئے۔ کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔