ترکی میں لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی کو تلاش کرکے رہیں گے۔ خالد بن سلمان

امریکا میں متعین سعودی سفیر خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ ترکی میں لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی اور قتل سے متعلق تمام افواہیں من گھڑت ہیں، ہم اپنے شہری کو تلاش کرکے رہیں گے۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے اورترک حکام خاموشی سادھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ منگل کو استنبول کے سعودی قونصل خانے سے جمال خاشقجی کے نکلنے کے فوراً بعد لاپتہ ہونے کی گتھی سلجھانے کے لئے تاحال کچھ نہیں بتایا۔ جمال خاشقجی کی منگیتر کا دعوی ہے وہ قونصل خانے گئے اور اس کے بعد سے واپس نہیں آئے۔ جمال خاشقجی کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ خدیجہ نامی اس خاتون سے ہمارا کوئی رشتہ ناتہ نہیں۔ خالد بن سلمان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے شہری کو تلاش کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک کو جمال خاشقجی کے حوالے سے تشویش ہے۔