ائیر چیف کی پاکستان اور ترک فضائیہ کی مشترکہ فضائی مشقوں میں شرکت

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر جاری پاکستان اور ترک فضائیہ کی مشترکہ فضائی مشقوں میں شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے لڑاکا طیارہ اڑا کر ایکسرسائز ٹرینینگ مشن میں شرکت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے جنگی مشقوں کے کامیاب انعقاد پر دونوں ممالک کے فضائی عملے کو مبارک باد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ ایک طویل عرصے پر محیط ہے اور یہ مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کی فضائی افواج کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے میں معاون ثابت ہوں گی۔