وزیراعظم عمران خان کا رحمت اللعالمین اتھارٹی بنانے کا اعلان
وزیراعظم عمران خان نے ربیع الاول میں عشرہ رحمت اللعالمین کی تقریبات کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور پوری دنیا کو اسلام اور نبی اکرم ﷺ کی سیرت سے آگاہ کرنے کے لیے رحمت اللعالمین اتھارٹی بنانے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں ایک منعقدہ تقریب میں وفاقی حکومت کے تحت عشرہ رحمت اللعالمین کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جہاں وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے فاتحہ خوانی کروائی۔خیال رہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج صبح انتقال کرگئے تھے اور ان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی تھی جہاں سول اور فوجی حکام کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی، بعد ازاں ایف 8 قبرستان میں ان کی تدفین کی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عشرہ رحمت اللعالمین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کہا کہ آج نبی کریم ﷺ کا یوم ولادت منانے کے لیے پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں اور میں اپنی قوم کے نوجوانوں سے بات کرنا چاہتا ہوں اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں ان سے مختلف انداز میں بات کروں گا۔