شہباز شریف نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جنوبی پنجاب اور ڈیرہ غازی خان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے نون لیگ کے سنئیر رہنما سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ، صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کو بھی فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان کی انتظامیہ کو بھی امدادی کارروائیاں بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پہاڑی نالوں میں طغیانی کی صورتحال سے انہیں مسلسل باخبر رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث ہلاک ہونے والوں کو پانچ، پانچ لاکھ روپے فی کس امداد فراہم کی جائے گی۔