پی سی بی نے بیس ستمبر کو پاکستان سپر لیگ کا لوگو لاؤنچ کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور پاکستان سپر لیگ کے ایمبیسیڈر وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیس ستمبر کو پاکستان سپر لیگ کا لوگو لاؤنچ کردیا جائے گا جبکہ ایونٹ کے دوران ہر ٹیم میں دو ابھرتے ہوئے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر سابق قومی کرکٹر اور پی ایس ایل کے ایمبیسیڈر وسیم اکرم نے کہا کہ ان کے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ سپرلیگ کھیلنےسے قومی کھلاڑیوں کامورال بلند ہوگا جبکہ لیگ میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایمبیسیڈر رمیز راجہ نے بھی ایونٹ کو پاکستانی کرکٹ کے لئے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپر لیگ پاکستانی کرکٹ میں انقلاب لائے گی جبکہ اس سےکھلاڑیوں کو بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔