آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے تیرہ دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

آئی ایس پی آرکے مطابق سزا پانے والے تمام افراد دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔یہ دہشت گرد فوجی قافلوں پر حملوں، تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے اورعام شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ ان دہشت گردوں نے 151 معصوم شہریوں سمیت 202 افراد کو قتل کیا۔ فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے 51 افراد بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی ان میں منیر رحمان ولد فضل رحمان، محمد بشیر، حافظ عبداللہ، بخت اللہ خان، شاہ خان، محمد سہیل، داؤد شاہ اور محمد منیر ولد سید بادشاہ، حبیب اللہ، محمد آصف، گل شاہ، جلال حسین اور علی شیر شامل ہیں۔ دہشتگرد منیر ولد فضل رحمان نے اورکزئی ایجنسی میں قومی لشکر جرگہ میں خودکش دھماکا کرایا جس میں ایک سو چودہ افراد شہید ہوئے۔فوجی عدالت نے 7 دیگر دہشت گردوں کو قید کی سزا بھی سنائی ہے۔دہشت گردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔