العزیزیہ ریفرنس،نواز شریف کی سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت آج ہو گی
:سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ سٹل ملز ریفرنس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت آج ہو گی جبکہ نواز شریف کے سرنڈر کرنےسے متعلق نظر ثانی کی درخواست پر بھی سماعت ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ دن 12 بجےکرے گا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر بینچ میں شامل ہیں۔عدالت نے نواز شریف کو آج تک متعلقہ اتھارٹی کے سامنے سرینڈر کرنے کا موقع دے رکھا۔گذشتہ سماعت میں عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ نواز شریف 10 ستمبر سے قبل متعلقہ اتھارٹی کے سامنے سرنڈر کریں،سرنڈر نہ کرنے پر عدالت نواز شریف کو مفرور قرار دینے کی کاروائی کا آغاز کرے گی۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم کی جانب سے گذشتہ روز ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں نمائندے کے ذریعے ٹرائل کا سامنا کرنے کی استدعا کی گئی تھی ۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی نظرثانی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بیرون ملک علاج جاری ہے،سرنڈر کرنا ممکن نہیں،لاہورہائیکورٹ نے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا، ہائپر ٹینشن اور امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوں۔ درخواست کے ہمراہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس بھی جمع کرا دی گئیں۔جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ نواز شریف دل اوردیگر پیچیدہ بیماریوں کا شکار ہیں اور امریکی ماہرامراض قلب نے علاج کے بغیر پاکستان واپسی سے منع کردیا،امریکی ماہر امراض قلب نے رائے د ی ہے کہ انجیو گرافی کے بغیر نواز شریف پاکستان واپس نہ جائیں،کورونا وبا میں سفر سے نواز شریف کی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، انجیو گرافی کے بعد نواز شریف کے دل کی پیچیدہ سرجری کرنا پڑ سکتی ہے۔نواز شریف کی تازہ ترین رپورٹ پر 8 ستمبر کی تاریخ درج ہے۔