لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ، 3 شہری زخمی
ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر سیزفائرکی خلاف ورزی کی گئی ، کنٹرول لائن پر بیدوری سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹرمیں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کےنتیجے میں 3 شہری زخمی ہو گئے۔ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نےبھی بیدوری سیکٹر میں پاک فوج کی چوکیوں اورشہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے حوالدار لیاقت شہید ہوئے۔