حکومت نے الیکشن کمیشن پر اپوزيشن کے آلہ کار ہونے کا الزام عائد کردیا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن پر اپوزيشن کے آلہ کار ہونے کا الزام عائد کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن تنازعات کی زد میں رہتا ہے، اس پر لوگوں کو اعتماد نہیں ہے جب کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو آزاد، منصفانہ اور شفاف بنائیں گے کیونکہ جہاں اپوزیشن ہارتی ہے،کہتی ہے انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، سپریم کورٹ نےکہا کہ شفاف انتخابات کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ کوئی بھی شخص الیکشن کمیشن سے مطمئن نہیں، چیف الیکش کمشنر نوازشریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں ان کی ذاتی ہمدردی ہوسکتی ہے ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں، چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ماؤتھ پیس کے طورپرکام کرنا چاہتے ہیں، وہ اپوزیشن کے ترجمان بن گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے سیاست کرنی ہے تو ادارہ چھوڑیں سیاست میں آجائیں، آپ چھوٹی چھوٹی جماعتوں کے آلہ کار نہ بنیں، چیف الیکشن کمشنر اپنے رویہ پر نظر ثانی کریں۔