حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امریکی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امریکی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے پلان پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران چودھری پرویز الٰہی نے وفد کو سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جس پر طاہر جاوید نے سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کو مفت سولر پمپس فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
چودھری پرویز الٰہی کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں کا مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے جذبہ قابل تعریف ہے، امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں، جوبائیڈن اور ان کے وفد سے ظہور الٰہی ہاؤس میں ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امریکی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں سیلاب سے اتنی بڑی تباہی کبھی نہیں آئی، میں نے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جس میں مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خصوصی امدادی پیکیج بھی دیا ہے، سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔