دہشت گردی کا مقدمہ: عمران خان کو جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے ایک اور نوٹس
اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو ان کے خلاف دائر دہشت گردی کے مقدمے میں مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کے لیے ایک اور نوٹس بھجوا دیا۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انوسٹی گیشن ایسٹ اسلام آباد کے دفتر سے جاری نوٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کہا گیا ہے کہ آج شام 5 بجے تھانہ مارگلہ میں جے آئی ٹی میں پیش ہو کر سوالات کے جواب دیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 9 ستمبر کو دن 3 بجے جے آئی ٹی نے مقدمے کے حوالے سے تفتیش کے لیے طلب کر رکھا تھا اور جے آئی ٹی منتظر رہی۔چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا گیا کہ آپ 12 ستمبر تک انسداد دہشت گردی عدالت سے عبوری ضمانت پر ہیں اور عدالت کے حکم کے باوجود شامل تفتیش نہیں ہوئے اور نہ ہی وقوع کے بارے میں اپنا مؤقف پیش کیا۔پولیس نے بتایا کہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے لیے جاری نوٹس کی تعمیل عمران خان کے چیف سیکیورٹی افسر ایس پی راجا طاہر کے ذریعے کرائی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ نوٹس کی تعمیل ہونے کے باوجود عمران خان تھانے میں پیش نہیں ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو گزشتہ روز بھی طلبی کا نوٹس جاری ہوا تھا تاہم ان کی جانب سے تحریری جواب تھانے میں جمع کرا دیا تھا۔