عالمی برادری کو مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے، عالمی برادری کو مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے۔دورہ سکھر کے دوران اپنے خطاب میں یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے وسائل میں رہتےہوئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں مسلسل آنے والی آفات کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیےعالمی برادری کوکردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیےاقدامات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر یو این سیکرٹری جنرل اور وزیراعظم کو سکھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے متعلق بریفنگ پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں رواں سال مون سون کی معمول سےزائد بارشیں ہوئیں جو کہ سیلابی صورتحال اختیار کر گئی اور جس کی وجہ سے سندھ اوربلوچستان بہت متاثر ہوا ہے۔