پاک سر زمین پارٹی کا متحدہ قومی موومنٹ پر ایک اور سیاسی وار، متحدہ کے سابق رہنما محمد رضا اور وحید الزماں بھی مصطفی کمال کے قافلے میں شامل

پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کی وکٹیں اڑانے کا سلسلہ جاری ہے، کبھی متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کہلائے جانے والے افراد اب مصطفی کمال کے قافلے میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ آل پاکستان متحدہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق چیئرمین اور متحدہ کے سابق رکن محمد رضا ، وحید الزماں سمیت کئی کارکنوں کے ساتھ مصطفی کمال کی پارٹی میں شامل ہوگئے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیوایم میں لوگ گھروں سےدہشتگرد بن کر نہیں آئے بلکہ ایم کیو ایم قائد نے انہیں دہشتگرد بنایا، انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم میں ایک ٹیم کودوسری ٹیم سے مروایا جاتا ہے جبکہ ندیم نصرت بیس سال سےایم کیوایم کےلیےٹیمیں بنارہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدایم کیوایم کواپنی ٹیم بنانی ہےتو وہ پاکستان آجائیں اگر ایسا نہیں کرسکتے تو اپنے کسی رشتہ دار کو ہی بھیج دیں۔ اس دوران پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہونے والے محمد رضا نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نےجوباتیں کہی وہ سب حقیقت پرمبنی ہیں جبکہ وہ دیگر رہنماؤں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہو۔ اس موقع پر وحیدالزمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کارکنوں کو ٹارگٹ کلر اور را کا ایجنٹ بنادیا گیا جبکہ ان کے بہت سے ساتھی بے مقصد مارے گئے۔