کلبھوشن یادیو کو ٹرائل کے بعد سزا دی گئی, وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش میں ملوث تھا,وزیر دفاع خواجہ آصف

سینیٹ کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی واویلے کا جواب دے دیا۔۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو گزشتہ سال مارچ میں گرفتارکیا گیا تھا اس کا باقاعدہ ٹرائل ہوا۔ ساڑھے تین ماہ تک مقدمہ چلا جس کے بعد سزا سنائی گئی۔۔ کلبھوشن یادیو پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کا الزام تھا اس کے اعترافی بیانات بھی ریکارڈ پر ہیں۔۔ وزیر دفاع نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے پاس اپیل کا حق ہے وہ ساٹھ روز کے اندر صدر یا آرمی چیف سے اپیل کر سکتا ہے۔۔ سعودی اتحادی فورس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کی سیکورٹی ہمارے دل کے قریب ہے اور رہے گی۔ ہماری فوج کسی بھی ملک بالخصوص مسلم ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔اگر کسی بھی سٹیج پر ایسا ہوا ہم اتحاد سے علیحدہ ہوجائیں گے۔۔۔انہوں نے مزید کہا کہ جنرل راحیل کو اس وقت این اوسی ملے گی جب وہ اپلائی کریں گے، ابھی تک انہوں نے این او سی کے لیے درخواست نہیں دی۔۔۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کسی ایسے معاہدے کا ممبر بننے نہیں جارہا جو کسی مسلم ملک یا مسلک کے خلاف ہو۔ سعودی اتحاد میں کسی بھی ملک کے خلاف عزائم کا حصہ نہیں بنیں گے تاہم پاکستان کوئی بھی دو اسلامی ممالک کے مابین ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے تحفظات ضرور دور کریں گے۔اور یمن تنازعے کا حصہ کبھی نہیں بنیں گے