پاک فوج ملکی امن وخوشحالی کےلئےقومی اداروں کابھرپورساتھ دیتی رہےگی۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی اور ملکی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، کورکمانڈرز کانفرنس میں آپریشن ردالفساد پر پیشرفت اور خوشحال بلوچستان پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے دہشت گردی کو مسترد کرنے اور ملک میں سلامتی و استحکام لانے والوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کو رد کرتا ہے جبکہ ملک میں سیکیورٹی استحکام لانے میں تمام قومی اسٹیک ہولڈرز کے کردار اور دہشت گردی مسترد کرنے میں بالخصوص پرعزم پاکستانیوں کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔ اجلاس میں دیرپا امن کے لیے ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھنے کےعزم کا اظہار بھی کیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف نے ہدایت کی کہ امن و خوشحالی اور ترقی کے ثمرات عام آدمی سمیت ہر سطح پر پہنچنے چاہیئں کیوں کہ امن کے ثمرات فاٹا کوعوامی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے سے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے سے بڑی کامیابی حاصل ہوگی جب کہ پاک فوج ملکی امن وخوشحالی کے لیے قومی اداروں کا بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔