لیگی رہنما راجہ اشفاق سرور طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے
مسلم لیگ ن پنجاب کے سابق سیکرٹری جنرل اور سابق صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے،راجہ اشفاق کافی عرصے سے علیل تھے اور ہفتہ کو انتقال کرگئے ، راجا اشفاق سرور کا تعلق راولپنڈی کی تحصیل مری سے تھا اور وہ 27اکتوبر 1954کو پیدا ہوئے تھے،وہ کئی دفعہ رکن پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزیر رہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف، پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال،(ن)لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب،پاکستان مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خاں اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما خواجہ محمد سعد رفیق نے (ن)لیگ پنجاب کے سابق سیکرٹری جنرل اور سابق صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا سوشل میڈیا پر جاری بیان میں راجہ اشفاق سرور کے انتقال پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ایک قابل، وفادار اور عوام دوست شخص ہم سے جدا ہوا ہے۔وہ ایک نظریاتی اور بے لوث سیاسی رہنما تھے جنہوں نے ہر آندھی اور طوفان میں پارٹی کی وفاداری کا پرچم مضبوطی سے تھامے رکھا۔وہ سیاسی قبیلے کے ان شاہسواروں میں شامل تھے جو سیاسی بے وفائی کو گالی سمجھتے تھے۔ان کی وفات سیاست، جمہوریت، ملک، معاشرے اور پارٹی کا بڑا نقصان ہے۔اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں بلند مرتبہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔جبکہ خواجہ محمد آصف نے راجہ اشفاق سرور کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ راجہ اشفاق سرور ایک کھرے، وفادار اور شاندار انسان تھا۔مشکل کی ہر گھڑی میں قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے ساتھ سینہ تان کر چلے۔ایسے بہادر اور مخلص انسان کی وفات بہت بڑا نقصان ہے۔اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین۔جبکہ احسن اقبال نے راجہ اشفاق سرور کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ راجہ اشفاق سرور نے قومی اور عوامی میدان میں شاندار خدمات انجام دیں۔راجہ اشفاق سرور نے ہمیشہ پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھائی۔ہر مشکل وقت میں قیادت اور پارٹی کا ساتھ دیا۔ہر فلاحی کام میں راجہ اشفاق سرور نے آگے بڑھ کر پارٹی کا ساتھ دیا۔ان کی وفات ہم سب کے لیے ایک بڑا صدمہ اور نقصان ہے۔اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ آمین۔جبکہ (ن)لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی راجہ اشفاق سرور کے انتقال پر اظہار تعزیب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ اشفاق سرورصاحب ہمدرد انسان، دوراندیش سیاستدان، خدمت خلق کرنے والے ایک خوش اخلاق شخص تھے۔ قائد نوازشریف کے وفادار ساتھی تھے. ان کی کمی دیر تک محسوس کی جاتی رہے گی۔ اللہ تعالی انہیں جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔جبکہ رانا ثنااللہ خاں نے راجہ اشفاق سرور کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک باوفا دوست، پر خلوص سیاستدان اور عوام کی خدمت کرنے والے اچھے انسان کو کھو دیا ہے۔وہ اپنے جمہوری اور نظریاتی اصولوں پر سختی سے کاربند رہنے والے ایک بہادر انسان تھے۔قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے نظریے سے آخری دم تک عہدِ وفا نبھایا،اللہ تعالی راجہ اشفاق سرور مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و توفیق دے۔ آمین۔جبکہ خواجہ سعد رفیق نے راجہ اشفاق سرور کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راجہ اشفاق سرور پیکر وفا، خادم عوام اور دوستوں کے دوست تھے۔انہوں نے ہر ذمہ داری بڑے احسن انداز سے نبھائی، قیادت نے انہیں ہمیشہ سچا،کھرا اور وفادار پایا۔عوام کی خدمت ان کی سیاست کا اوڑھنا بچھونا تھا۔ان کی قومی، عوامی، سیاسی و جمہوری خدمات ناقابل فراموش ہیں۔مجھے ان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور مل کر کام کرنے کا موقع ملا، انہوں نے پارٹی کو گراس روٹس لیول پر متحرک، منظم اور فعال بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں میں بلند مرتبہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔