ریلی میں ننانوے فیصد سینئر قیادت نہیں ہے لیکن صرف انہیں متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے:سابق وزیر داخلہ چودھری نثار
چودھری نثار علی خان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی افسوس ناک امر ہے کہ میڈیا کے چند حلقے میرے حوالے سے خود ہی خبر بناتے ہیں اور پھر خود ہی اس پر تبصرے شروع کر دیتے ہیں ۔ نہ تو میں نے کسی کو یہ کہا کہ میں کمر کے درد کی وجہ سے ریلی میں شامل نہیں ہو سکا اور نہ ہی ریلی میں عدم شرکت اس وجہ سے ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ننانوے فیصد سینئر لیڈرشپ ریلی میں نہیں ہے۔ صرف مجھے ہی متنازع کیوں بنایا جا رہا ہے؟ چودھری نثار کے مطابق میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں میاں نواز شریف کی گاڑی چلا کر لاہور جاؤں گا مگر کچھ حلقے یہ خبر پورا دن تواتر سے چلاتے رہے۔ حد تو یہ ہے کہ میڈیا پر پارٹی قیادت سے متعلق میرے حوالے سے بیان چلتا رہا جو میں نے کہا ہی نہیں۔۔ اگر میڈیا کے دوست بیان دینے سے پہلے تصدیق کر لیں تو کسی غلط فہمی کی گنجائش ہی نہ رہے۔۔ واضح رہے کہ چودھری نثار علی خان نواز شریف کی ریلی کے دوران منظر سے غائب ہیں۔۔ نواز شریف پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں موجود تھے لیکن چودھری نثار نے ان سے ملنے کی بجائے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کو ترجیح دی۔۔