کراچی کے علاقے ڈیفنس گزری میں18سالہ رمشا کے لاپتا ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا
پانچ اگست کو کراچی کے علاقے ڈیفنس گزری سے لاپتا ہونے والی اٹھارہ سالہ لڑکی رمشا کا تاحال کچھ پتا نہ چل سکا، رمشا کے والد کی درخواست پر گزری تھانے میں اب مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق رمشا اپنی دوست مصباح سے ملنے کا کہہ کر پانچ اگست کو گھر سے نکلی تھی، جب واپس نہ آئی تو گھر والوں نے مصباح سے رابطہ کیا جس نے اطمینان دلایا کہ وہ گھر لوٹ آئے گی۔ تین روز گزر جانے کے بعد بھی رمشا کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔ لاپتا لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ بیٹی کو اسکی دوست نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اغوا کر لیا ہے۔ تاہم والد نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ رمشا کو پارٹیوں میں جانے کا شوق تھا۔ پولیس نے لڑکی کی تلاش شروع کردی ہے۔