کراچی اور چینی شہر شین یانگ میں دوستی و تعاون کا معاہدہ

دوستی اور تعاون کے اس معاہدے کے تحت دونوں شہر چین اور پاکستان کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے کیلیے بیلٹ اینڈ روڈ پروجیکٹ کے تحت باہمی تعاون میں اضافہ کریں گے اور مختلف سطح پر دوستانہ روابط بڑھائیں گے جن سے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے اور باہمی تجارت و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔معاہدے کی دستاویز پر میئرکراچی وسیم اختر اور شین یانگ سٹی کے میئر نے دستخط کیے ، معاہدے کے تحت کراچی اور شین یانگ سٹی کے متعلقہ محکمے اور نمائندے مشترکہ دلچسپی کے امور میں تعاون اور اشتراک عمل کے لیے مستقل بنیادوں پر رابطہ رکھیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ صنعت و تجارت، معیشت، سیاحت، زراعت، مواصلات، شہری تعمیرات، سائنس وٹیکنالوجی، کلچر، تعلیم، کھیلوں، صحت عامہ، ماحولیاتی تحفظ ، نوجوانوں کے لیے پروگرام اور دیگر شعبوں میں مختلف شکلوں میں باہمی تعاون کو وسعت دیں گے۔