جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہدایت کی کہ جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جائے اور کورونا کے باعث تقریبات میں احتیاطی تدابیر مدنظر رکھی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا، وفاقی کابینہ نے ملکی صورتحال سمیت 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا تاہم کابینہ اجلاس میں مریم نواز کی نیب پیشی کے معاملہ پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کو ملکی معاشی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے معاشی صورت حال میں حالیہ استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موڈیز کی جانب سے ملکی معیشت کی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا جانا خوش آئند ہے۔