کوٹری میں کتے کے کاٹے سے نوجوان جاں بحق
خورشید کالونی میں کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ لواحقین کے مطابق نوجوان نور خان کو چند روز قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، جس کے بعد اسے بروقت ویکسین نہیں مل سکی۔ کوٹری میں طبی سہولیات نہ ہونے کے باعث نوجوان کو کراچی کے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کئی روز سے زیر علاج تھا، دوران علاج نوجوان دم توڑ گیا۔ سندھ کے 11 اضلاع میں رواں سال سگ گزیدگی کے 6000 سے زائد واقعات ہوئے ہیں جن میں سے 70 فیصد افراد کی ویکسینیشن مکمل نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر ویکسینیشن کا دوسرا ڈوز لگانے سے پہلے ایف آئی آر طلب کرتے ہیں۔ جبکہ پولیس والے آسانی سے ایف آئی آر درج نہیں کرتے۔ کتوں کے کاٹنے کا مسئلہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کے سامنے پیش ہوا تو فاضل جج صاحبان نے یہ رائے دی کہ اگر کسی علاقہ میں کتے کے کاٹنے کا کیس ہوا تو اس علاقہ کے رکن صوبائی اسمبلی کو معطل کیا جائے گا۔