فنڈنگ کیس؛ کیا کارروائی کا حکم الیکشن کمیشن نے دیا؟ ایف آئی اے سے جواب طلب
پشاور: ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے سے جواب طلب کیا ہے کہ کیا الیکشن کمیشن نے ایف آئی اے یا حکومت کو کارروائی کا کہا تھا؟پشاور ہائی کورٹ میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے ایف آئی اے انکوائری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس شکیل احمد اور جسٹس کامران حیات نے کی۔ اسد قیصر اور ان کے وکیل بیرسٹر گوہر خان عدالت میں پیش ہوئے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کمیٹی نے تمام اکاؤنٹس کا ریکارڈ خود چیک کیا، پارٹی نے 13 اکاؤنٹس سے لاتعلقی ظاہر کی، اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کا کارکن تھا اس نے الیکشن کمیشن میں کیس دائر کیا، اس اکاؤنٹ میں سب سے پہلے پیسے خود اکبر ایس بابر نے خود جمع کیے تھے۔