شہباز گل کے فون کی بر آمدگی کیلئے گھر پر چھاپے کے دوران معاون فرار، اہلیہ گرفتار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کی گرفتاری کے بعد کے ان کے موبائل فون برآمد کرنے کے لیے پولیس نے رات گئے ان کے معاون کے گھر پر چھاپا مارا جس کے دوران ڈرائیور اظہار ہدایت اللہ فرار ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا۔اسلام آباد پولیس چھاپے کے دوران شہباز گل کے معاون کو تو گرفتار نہ کر سکی لیکن اس کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو ساتھ لے گئی۔واضح رہے کہ یہ پیش رفت شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کی جانب بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار کیے جانے کے 2 روز بعد سامنے آئی ہے۔پولیس نے ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں خاتون اور اس کے بھائی پر چھاپے کے دوران پولیس پر حملہ کرنے اور سرکاری وردی پھاڑنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل نے تفتیش میں موبائل فون اپنے معاون اظہار ولد ہدایت اللہ کے پاس ہونے کا انکشاف کیا تھا۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے ڈاکٹر شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر پر چھاپے سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپے پر اور گرفتاری کا عمل قانونی ہے، معاون کے اہل خانہ نے کار سرکار میں عملی مزاحمت کی۔