آصف زرداری کو توشہ خانہ میں گاڑیاں منظور شدہ پالیسی کے تحت ملیں: شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اگر اس وقت خیبر پختونخوا عمران خان کے ہاتھ سے نکلتا جارہا ہے تو وہ ان کی اپنی ناکامی ہے اور میں یہ بروقت مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان اور تحریک انصاف فوری طور پر وہاں سے استعفیٰ دیں کیونکہ یہ حکومت قائم کرنے کے لائق نہیں ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان نے ایک نئی روایت ڈالی ہے کہ وہ صرف خود سے بات کرتا ہے، صحافیوں کا سامنا کرنے جیسا نہیں رہا اور جب بھی بات کرتا ہے تو سامنے کیمرا رکھ کر اکیلے خطاب کرتا ہے یا پھر اپنی پسند کے چند صحافیوں کو بلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان عوامی نمائندہ ہوتا ہے جس کا کام ہے بھرپور پریس کانفرنس کرے اور صحافیوں کے تمام سوالات کے جوابات دیں، مگر چونکہ آپ (عمران خان) ملک میں کسی کو بھی جواب دینے کے قابل نہیں رہے اس لیے آپ خود سے زیادہ باتیں کرنا پسند کرتے ہیں۔