13 اگست کو بتائیں گے حقیقی آزادی کیسے لی جاتی ہے: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم 13اگست کو لاہور میں پاکستان کی حقیقی آزادی کا جلسہ اور جشن منائیں گے اور قوم کو بتائیں گے کہ حقیقی آزادی کیسے لی جاتی ہے۔اسلام آباد میں اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہر جگہ کہیں زیادہ کہیں کم انسانوں کے خلاف نفرت اس لیے ہے کہ یا تو ان کے رنگ میں فرق ہے یا مذہب میں اور یہ پوری دنیا میں ہے جس طرح امریکی ریاست میکسیکو میں 4 مسلمانوں کو صرف مذہب کی بنیاد پر قتل کیا گیا۔سندھ میں ہندو لڑکیوں کی مبینہ جبری مذہب تبدیلی پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دین میں کوئی زبردستی نہیں ہے اور جب کوئی مسلمان ایسا کرتا ہے تو وہ دین اور اللہ کے فرمان کے خلاف جاتا ہے اور ہم دین پر چلتے ہوئے لڑکیوں کو زبردستی مسلمان بنانے کی مخالفت کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی تنظیم کا نام انصاف کی تحریک اس لیے رکھا تھا کہ ہم انصاف قائم کریں اور میں پوری قوم کو اپنی جماعت میں شامل کر رہا ہوں کہ جب تک یہاں انصاف نہیں ہوگا ہمارا ملک آگے نہیں بڑھے گا اور جب کوئی نظام آپ کے حقوق کی حفاظت کرتا ہے تو وہ معاشرہ ترقی کرتا ہے اس لیے آج ہماری جنگ بھی انصاف لینے کے لیے ہے اور وہ جدوجہد ایک چھوٹے ٹولے کے خلاف ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کی تحریک جاری ہے اور یہی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے اور حقیقی آزادی لوگوں کو اس وقت ملتی ہے جب کسی ملک کے انصاف کا نظام لوگوں کو آزاد کرتا ہے۔