شہباز گل کی ہرزہ سرائی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھی: عطا تارڑ
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز گل کی ہرزہ سرائی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھی، بیان فارن فنڈڈ ایجنڈے کے تحت دیا گیا، تفتیش کے دوران چیزیں سامنے آرہی ہیں، ملکی تاریخ میں کبھی بھی ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے گئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دوران تفتیش چیزیں آہستہ آہستہ سامنے آرہی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسے بغاوت کے الفاظ استعمال نہیں کیے گئے، اب سمجھ آرہی ہے کہ ملک دشمن ایجنڈا کس کا تھا، اپنی سیاست چمکانے کے لیے پاک فوج کے شہدا پر ٹرولنگ کی گئی، شہبازگل کا بیان فارن فنڈڈ ایجنڈے کے تحت ہے، شہباز گل نے اعتراف کیا ان کا بیان پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھا، یہ پوری جماعت اس وقت گل کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مونس الہیٰ بگڑا لاڈلہ کس حیثیت سے پنجاب پولیس کو ہدایات دے رہا ہے، کیا ہی اچھا ہوتا آپ لوگ شہباز گل کے بیان کی مذمت کرتے، پرویز الہیٰ نے چوبیس گھنٹے بعد شہباز گل کے بیان کی مذمت کی، وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں شہباز گل کو ڈانٹا، وہ تو جیل میں ہے