سوات میں طالبان کی موجودگی کے معاملے پر افغان حکومت سے رابطے میں ہیں: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف
لاہور: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سوات میں طالبان کی موجودگی کی اطلاعات کو دیکھ رہے ہیں اور ہم افغان حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔مقامی ہوٹل میں ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن (ڈی ای پی او) کے زیر اہتمام 11ویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزبیشن و سیمینار کی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے اداروں کا احترام تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر لاگو ہوتا ہے، قانون توڑنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی سال سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں کسی ملک کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں، لیکن ملکی دفاع کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کا ہرممکن دفاع کیا جائیگا۔