وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس، سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ
وزیراعظم کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، ممبر صوبائی اسمبلی ثناء اللہ بلوچ، چئیرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب اور بارشوں کے متاثرین کی آبادکاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، این ڈی ایم اے اور این ایچ اے کا متاثرین کو امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے کردار قابل تحسین ہے، مزید بارشوں کے امکان کے تناظر میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی امداد اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے جاری صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں پر تفصیلی سے بریفنگ دی گئی، شہباز شریف نے متاثرین کی آباد کاری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تمام وسائل کو بطریق احسن بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔