ترکیہ کے صوبہ بالیک ایسیر کے ضلع سندرگی میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق درجنوں زخمی ہو گئے ۔ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی (اے ایف اے ڈی)نے کہا کہ گزشتہ شام کو ضلع سندرگی میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، زلزلے کے جھٹکے استنبول اور ازمیر کے سیاحتی مقام سمیت ملک کے مغرب میں کئی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔زلزلے کا مرکز صوبہ بالیک ایسیر کے ضلع سندرگی میں تھا۔ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے زلزلے کے مرکز سندرگی میں صحافیوں کو بتایا کہ زلزلے کے باعث 81 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا اور 29 افراد زخمی ہوئے ہیں، لیکن ان کی حالت سنگین نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے سے سندرگی اور اس کے اطراف میں 16 عمارتیں منہدم ہوئیں، جن میں سے4آباد تھیں، جن میں شہر کے مرکز میں ایک تین منزلہ عمارت بھی شامل تھی۔تین منزلہ عمارت کے ملبے سے کئی لوگوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے ، جہاں چھ افراد رہائش پذیر تھے۔ قبل ازیں میئر سندرگی سیرکان ساک نے کہا کہ ملبے سے 4 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 2 کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں 319 امدادی اہلکار تعینات کئے گئے ۔
ترکیہ میں ایک بار پھر 6.1 شدت کاخوفناک زلزلہ، 1شخص جاں بحق ، درجنوں زخمی
Aug 11, 2025 | 17:49