احتساب عدالت اسلام آباد میں آج پھر شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہو گی

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی۔ کیسوں کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کرینگے تاہم سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوں گے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے کا امکان ہے۔ لندن فلیٹس ریفرنس میں استغاثہ کا گواہ عدالت میں پیش ہوگا اور اپنا بیان ریکارڈ کرائے گا جبکہ العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں بھی استغاثہ کے گواہ اپنے بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق اٹھائیس جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔