پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پہاڑوں کا دن منایا جارہا ہے

پہاڑ، دریا، تفریح اور سیاحت کسی بھی ملک کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، پہاڑوں کا عالمی دن منانے کا مقصد ماحولیاتی تحفظ اورعوام میں شعور بیدار کرنا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دو ہزار دو میں اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا، تاکہ پہاڑیوں کی حالت بہتر بنانے اور قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات پر زوردیا جاسکے۔پاکستان کی زمین قدرتی حسن سے مالا مال ہے، یہاں کے بیشتر پہاڑوں کا شمار دنیا کے خوبصورت پہاڑوں میں ہوتا ہے ، پاکستان میں دنیا کے تین عظیم ترین پہاڑی سلسلے قراقرم ، ہمالیہ اور ہندوکش سے ملتے ہیں۔ یہاں پانچ ایسی بلند چوٹیاں ہیں جو 26 ہزار فٹ سے زائد بلند ہیں، ان میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو اور نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت بھی شامل ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق میانمار سے چین، بھارت، بھوٹان، نیپال ، پاکستان اور افغانستان تک پھیلے ہمالیہ قراقرم اورہندوکش کے پہاڑی سلسلے ماحولیاتی خطرات سے دوچارہیں۔ سیاحت، آلودگی، جنگلات کی کٹائی اورموسمی تبدیلیوں کی وجہ سے پہاڑوں کا قدرتی حسن تباہ ہورہا ہے۔ جنہیں بچانے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے